ورلڈکپ فائنل ہارجاتے تو دوبارہ کرکٹ نہ کھیلتا،جوز بٹلر

July 23, 2019

لندن (ایجنسیاں) ورلڈکپ چیمپئن بننے والی انگلش ٹیم کے وکٹ کیپر اور جارح مزاج بیٹسمین جوز بٹلر کا کہنا ہے کہ اگر ان کی ٹیم ورلڈ کپ فائنل میں ہار جاتی تو وہ دوبارہ کرکٹ کھیلنے کے بارے میں نہیں سوچتے۔ ایک انٹر ویو کے دوران انگلش وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس فائنل سے قبل 8 مرتبہ اپنی ٹیم کی جانب سے فائنل مقابلوں میں حصہ لیا جس میں 7 مرتبہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ سمرسیٹ کی جانب سے کھیلتے ہوئے انگلینڈ کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کی جانب سے 2013میں چیمپئنز ٹرافی کا فائنل اور 2016میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی فائنل ایسے میچز ہیں جس میں ان کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جوز بٹلر کا کہنا تھا کہ اپنے سامنے حریف ٹیم کو ٹرافی اٹھاتے ہوئے دیکھنا بہت تکلیف کا باعث ہوتا ہے اور یہ درد وہ ایک مرتبہ پھر برداشت نہیں کرسکتے تھے ۔ انہیں ڈر لگ رہا تھا کہ اگرمیچ نہ جیتے تو انہیں معلوم کہ وہ دوبارہ کیسے کرکٹ کھیلیں گے بیٹ اٹھانے کی خود اعتمادی نہیں ہوگی۔