پی ٹی آئی کی حکومت میں عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی، حسن نقوی

July 23, 2019

کوونٹری (نمائندہ جنگ) پاکستان ہماری پہچان ہے، اس کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے۔ اوورسیز پاکستانی اپنی سوہنی دھرتی پر جان نچھاور کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نوجوان سیاسی شخصیت سید حسن نقوی نے پاکستان سے واپسی پر کیا، انہوں نے کہا کہ وہ گوجرانوالہ شہر کے رہائشی ہیں، جہاں مسلم لیگ ن کا بول بالا ہے۔ ہم نے پی ٹی آئی کی کامیابی کے لئے دن رات محنت کی، تاکہ پاکستان میں صحت مند تبدیلی آسکے۔ پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد عوام کی زندگی اجیرن بنادی گئی۔ امرا اور غربا کے درمیان دیوار کھڑی کردی گئی ہے، غربا کو جیتے جی مار دیا گیا۔ موجودہ حکومت کو احساس نہیں کہ غریب کس طرح زندگی بسر کررہے ہیں۔ روٹی کھانا اور خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔ امیر، غریب کے درمیان ایک دیوار کھڑی کردی گئی ہے۔ تبدیلی کا خواب دیکھنے والے پریشان حال ہیں اور اپنے فیصلے پر پچھتاوے کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان مایوسی کا شکار ہیں۔ پیرا شوٹ کے ذریعے آنے والوں کو اہم عہدے دیئے جارہے ہیں۔ اصل کارکنان اور پارٹی کے لئے دن رات ایک کرنے والے کو پیچھے دھکیل دیا گیا ہے، حسن نقوی نے کہا کہ غریب عوام کو سستی روٹی چاہئے، زندگی گزارنے کے لئے بنیادی سہولیات چاہئے جو حکومت دینے میں ناکام ہوگئی ہے۔ ٹیکس لینا لوٹی دولت کی واپسی تو پچھلی حکومتوں کا بھی ایجنڈہ تھا، آج حکومت نے سیاسی جیل بھر دیئے جس سے غریب عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔