ایف سی بلوچستان کے دستے پرفائرنگ، آفیسر سمیت 4 جوان شہید

July 27, 2019

ایف سی بلوچستان کے دستے پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے آفیسر سمیت 4جوان شہید ہوگئے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایف سی بلوچستان کےاہلکار ہوشاب،تربت کے درمیانی علاقےمیں کومبنگ آپریشن میں مصروف تھے کہ دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں آفیسر سمیت 4جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں کیپٹن عاقب، سپاہی نادر، سپاہی عاطف الطاف اور سپاہی حفیظ اللہ شامل ہیں۔

اس سے قبل پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 6 جوانوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔

شہداء میں حوالدار خالد، سپاہی نوید، سپاہی بچل، سپاہی علی رضا، سپاہی بابر اور سپاہی احسن شامل ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے کے امن کےلیے قربانیاں دے رہا ہے، ہماری کوششوں سے قبائلی علاقوں کی سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ چند دشمن عناصر بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش انشاءاللّہ ناکام ہوگی۔