کراچی: بارش میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

July 29, 2019

کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے 11 سالہ بچی اور 30 سالہ شخص جاں بحق ہو گئے۔

جناح اسپتال کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے ’جنگ‘ کو بتایا ہے کہ اختر کالونی کی رہائشی 11 سالہ بچی فرزانہ کو اسپتال کی ایمرجنسی میں مردہ حالت میں لایا گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بارش میں نہانے کے دوران بچی کو کرنٹ لگا جس سے اس کی موت واقع ہو ئی۔

ڈاکٹر سیمی جمالی نے یہ بھی بتایا ہے کہ بوٹ بیسن سے بھی ایک 30 سالہ شخص کی لاش اسپتال لائی گئی جسے بارش کے دوران کرنٹ لگا تھا، تاہم اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات نے پیر سے بدھ تک کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

آج صبح سے شہر میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف علاقوں سے شہریوں کو کرنٹ لگنے کی غیر مصدقہ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، اس ضمن میں صرف جناح اسپتال کی جانب سے ایک بچی اور جوان کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

دوسری جانب ماہرینِ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش میں زیادہ نہ نہائیں، اعتدال سے کام لیں، بجلی کے کھمبوں، ٹوتے ہوئے تاروں اور بجلی کے آلات سے دور رہیں اور احتیاط برتیں۔