اسنوکر: مبشر رضا تجربہ کار محمد سجاد کو ہراکر فائنل میں

August 02, 2019

ان سیڈڈ مبشر رضا شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تجربہ کار محمد سجاد کو شکست دیکر پہلی بار این بی پی اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


محمد سجاد نے 105 کا شاندار سنچری بریک بھی کھیلا لیکن مبشر کے ہاتھوں شکست سے نہ بچ سکے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں محمد آصف اور محمد احسن جاوید کے درمیان سخت مقابلہ ہوا جس میں آصف نے بمشکل ناتجربہ کار کھلاڑی کو زیر کیا۔

احسن جاوید پہلی بار سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور بدقسمتی سے فائنل میں رسائی سے محروم رہے۔

چیمپئن شپ کا فائنل ہفتہ 3 اگست کو نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس کلفٹن پر ہو گا جس کے مہمان خصوصی نیشنل بینک کے صدرعارف عثمانی ہوں گے اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔

جمعے کو نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے سیمی فائنلز میں بیسٹ آف الیون میں دلچسپ مقابلے ہوئے۔

2017ء کی چیمپئن شپ جیتنے والے محمد سجاد ڈھائی سال بعد چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچے، جہاں پہلی بار چیمپئن شپ کا سیمی فائنل کھیلنے والے مبشر رضا نے انہیں 6-4 سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کی۔

مبشر نے پہلے فریم میں ہی کامیابی حاصل کرکے اپنی برتری قائم کی۔

محمد سجاد نے ساتویں فریم میں 105 کا سنچری بریک کھیلا لیکن کامیابی حاصل نہ کرسکے۔

دوسرے سیمی فائنل میں نمبر سات سیڈ تجربہ کار محمد آصف اور احسن جاوید کے درمیان مقابلہ انتہائی سنسنی خیز رہا۔ محمد آصف نے پہلا اور دوسرا فریم جیت کر اپنی برتری 2-0 کی لیکن اس کے بعد احسن جاوید نے لگا تار تین فریم جیت کر اسکور 3-2 کیا۔

آصف نے چھٹے فریم میں مقابلہ 3-3 کیا۔ یہی سلسلہ آخر تک رہا۔ محمد آصف نے آخری فریم میں 71 کا بریک کھیلتے ہوئے نہ صرف فریم اپنے نام کیا بلکہ مقابلہ بھی 6-5 سے جیت کر فائنل میں جگہ بنائی۔

دونوں کے درمیان ساڑھے چار گھنٹے سے زائد جیت کی کشمکش جاری رہی۔