روزِ عید اور آرایشِ حُسن

August 11, 2019

عید کے دِن ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ عام دِنوں کی نسبت ذرا منفرد نظر آئے، جس کے لیےجہاں اسٹائلش ملبوسات، زیورات، رنگ برنگی چوڑیاں اور منہدی جزوِ لازم تصوّر کیے جاتے ہیں، وہیں میک اپ کے بغیرساری تیاری ادھوری سی لگتی ہے۔عید کے موقعے پر زیادہ تر خواتین پارلر سےایک دو دِن قبل ہی فیشل، بلیچ، ویکس وغیرہ کروالیتی ہیں، جس سے جِلد تروتازہ اور نکھری نکھری سی نظر آتی ہے۔ اگر کسی سبب پارلر نہیں گئیں، تو خود کلینزنگ لازمی کرلیں۔ چوں کہ خواتین کا زیادہ وقت باورچی خانے میں گزرتا ہے،تو بھاری میک اپ کی بہ جائے سادہ میک اپ کیا جائے، تاکہ لُک سافٹ رہے۔ سب سے پہلے چہرے پر کوئی معیاری بی بی کریم لگائیں کہ یہ جِلد کو زیادہ دیر تروتازہ رکھتی ہے۔ اگر آنکھوں کے نیچے گہرے حلقے،چہرے پر جھائیاں یا داغ دھبّے ہوں،تو پھر کنسیلر لگا کر کامپیکٹ پاؤڈر لگائیں اور ٹشو پیپرسے پاؤڈر بیلنس کرلیں۔ اب ہلکے گلابی شیڈ میں بلش آن رخسار کی ہڈی سے اوپر کی جانب لگا کر ٹشو پیپر کی مدد سے متوازن کریں۔ اگر آئی شیڈ نہیں لگانا ، تو پھر لائنر اور مسکارا لگالیں۔اور اگر آئی شیڈ استعمال کرنا ہو تو لباس کی مناسبت سے کوئی ہلکا شیڈ منتخب کرکے آنکھ پر شیڈ کو نیچے سے اوپر کی جانب ڈی شیپ دیں کہ اس سے آنکھیں بڑی اور خُوب صُورت دکھائی دیتی ہیں۔جب کہ لائنر ونگ شیپ میں لگایا جائے۔ آخر میں مسکارا لگا کر لباس کی مناسبت سےہلکی سی لپ اسٹک لگالیں۔یاد رکھیے، سلیقے سے کیا گیا میک اپ آپ کی شخصیت کو چار چاند لگا دیتا ہے۔

(شاہین فہد،اسلام آباد)