کامیابی کیلئے منظم ہونا لازمی ہے

August 11, 2019

کسی بھی انسان کی کامیابی کی اصل وجہ اس کا نظم وضبط ہوتاہے، چاہے پھر اس کامیابی کا تعلق ذاتی زندگی سے ہو یا پیشہ ورانہ زندگی سے۔تاریخ شاہد ہے کہ دنیا کی ترقی یافتہ اقوام نے پہلے خود کو منظم کیا پھر ترقی اُن کا مقدر بنی۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ اگر آپ زندگی میں کوئی مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں تو کامیابی کی ریسیپی یعنی ’’ اپنی ذات کو منظم کرنا‘‘ سیکھیں۔ مثلاً اپنے خیالات ، جذبات، رویّوں اور عادتوں میں توازن رکھتے ہوئے نظم وضبط کی پابندی کریں کیونکہ جب تک آپ منظم نہیں ہوں گے تب تک کسی اچھی اور کامیاب زندگی کے حصول کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ آئیے یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ انسان کس طرح اپنی ذات کو منظم کرسکتا ہے۔

مثبت عادتیں

مثبت عادتیں کسی بھی انسان کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اگرچہ کسی بھی انسان کے لیے نئی عادت اپنا نا اورکسی منفی عادت سے چھٹکارا پانا بے حد مشکل ہوتا ہے لیکن یہ ناممکن نہیں۔ آپ بھی کوشش کرکے چند مخصوص عادتیں اپناکر اپنی ذات کو منظم کرسکتے ہیں ۔

درگزر کرنا

جب ہم اپنے دن کا بیشتر حصہ غصہ ،ناراضگی یا شرمندگی جیسی کیفیات میں صرف کردیتے ہیں تو مسائل ختم ہونے کے بجائے بڑھتے چلے جاتے ہیں ۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ نفرت اور غصے سے کہیں زیادہ طاقت محبت اورمعاف کردینے میں ہے۔جب ہم معاف کردیتے ہیں تو ہم بہت سی چیزیں سیکھنا شروع ہوجاتے ہیں۔ درگزر کیے بغیر ہم اپنی ذات کو منظم کر ہی نہیں سکتےکیونکہ جب ہم کسی کے خلاف دل ودماغ میں منفی جذبہ رکھتے ہیں تو ہم اپنی بیشتر توانائی بھی ضائع کردیتے ہیں۔ اس کے برعکس معاف کردینے سے ہم منفی توانائی اپنے دل ودماغ سے خارج کردیتے ہیں۔

مراقبہ

منظم زندگی کا حصول اچھی صحت اور ذہنی سکون کے بغیر ممکن نہیں۔ تحقیق سے ثابت ہے کہ مراقبہ ذہن اور جسم دونوں کے لیے فائدہ مند ہے۔یہ ذہنی اور جسمانی مشق کا سب سے قدیم طریقہ ہے، جو انسان کو سکون اور آسودگی بخشتا ہے۔ مراقبہ کا ایک اہم فائدہ انسان کی زندگی کو منظم کرنے کی صورت بھی ملتا ہے۔ یہ آپ کی منفی سوچوں کو دور کرتے ہوئے صحیح سمت میں رہنمائی کرتا ہےکہ آپ کس طرح کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔ آپ دن بھر میں محض 10سے 15منٹ بھی مراقبے کیلئے مخصوص کرتے ہوئے فائدہ مند نتائج حاصل کرسکتے ہیں ۔

مقاصد طے کرنا

زندگی میں بے شمار لوگ ایسے ہوتے ہیں جو زندگی کے حوالے سے منصوبہ بندی نہیں کرپاتے، نہ ہی انہوں نے کسی منزل کا تعین کیا ہوتا ہے۔ لیکن جو لوگ شروع سے ہی اپنے مقصد کا تعین کر لیتے ہیں وہ ہمیشہ زندگی میں کامیابیاں سمیٹتے ہیں۔ فعال اور آسان مقاصد مقرر کریں، جو منظم ہونے کیلئے آپ کو سمت فراہم کریں۔ فعال مقاصد کا تعین کرنے کیلئے سب سے پہلے طویل مدتی اہداف مقرر کریں۔ ان اہداف کے تقرر سے آپ کے پاس ماہانہ ، ہفتہ وار اور روزانہ کی بنیادوں پر منصوبہ بندی واضح ہوجائے گی، جس پر عمل کرتے ہوئے آپ کیلئے اہداف حاصل کرنا آسان ہوجائے گا۔

شکر گزاری

دنیا بھر میں بیشتر لوگ لاحاصل خواہشوںکی چاہت میں بہت سا وقت برباد کردیتے ہیں لیکن اگر شکر گزاری کی عادت اپنا لی جائے تو یہ عادت ہمیں ان چیزوں کی چاہت سے دور کردیتی ہے جو ہمارے لیےنہیں، ساتھ ہی ان چیزوں کے ساتھ خوش رہنے کا موقع دیتی ہے جو ہمارے پاس موجود ہیں۔ شکر گزاری کی بدولت زندگی میں غیر معمولی تبدیلیاں آنا شروع ہوجاتی ہیں۔ یہ عادت دماغی، جسمانی اور روحانی صحت کو بہتر بناتے ہوئے ہرحالت میں انسان کو مستحکم بناتی ہے۔ خوشیوں یا آسائشات کی کمی کی صورت میں انسان کے لیے اپنے مقاصدپر توجہ مرکوز کرنا مشکل ہوجاتا ہےلیکن ایک شکر گزار انسان کے لیےیہ سب مشکل نہیں ہوتا۔ لہٰذا ماہرین کے مطابق، روزانہ 10منٹ کے لیے لکھیں کہ آپ کیوں شکر گزار ہیں اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے پاس شکر گزار ہونے کے لیے کچھ بھی نہیں تب بھی 10منٹ ان نعمتوں کی تلاش میں لازمی صرف کریں ۔

متوازن غذا

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ نظم و ضبط کے پابند ہوں اور آپ کی زندگی مستحکم ہوجائے تو پھر خالص، صحت بخش خوراک اور نامیاتی غذاؤں کو اپنی زندگی کا حصہ بناناہوگا۔ پھلوں، سبزیوں اور ضروری غذائیت پر مشتمل خوراک آپ کو صحت مند بنانے کے ساتھ منظم کرنے کے حوالے سے بھی خاصی سودمند ثابت ہوگی لیکن اس کے لیے ان غذاؤں کو وقت پر لینا بھی ضروری ہے۔ آپ نے کھانے کے اوقات بھی ترتیب دینے ہوں گے کیونکہ یہ آپ کا نیوروکیمیکل میک اَپ کرنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔