کلائمیٹ چینج پر کنٹرول کیلئے خوراک میں تبدیلی کرنا ہوگی، اقوام متحدہ کی رپورٹ

August 11, 2019

لندن (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کی جانب سے ماحولیات میں تبدیلی اور کرہ ارض کے حوالے سے پہلی جامع رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زمین کو تباہی سے بچانے اور عالمی حدت میں تباہ کن اضافہ روکنے کیلئے ہمیں فوری طورپر اپنی خوراک میں تبدیلی کرنا ہوگی۔ رپورٹ میں انتہائی پائیدار فارمنگ، خوراک میں تبدیلی اور خوراک کو ضائع ہونے سے بچانے پر زور دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ خوراک میں تبدیلی اور خوراک کو ضائع ہونے سے بچانا ضروری ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انسانی سرگرمیاں زمین کو ناکارہ بنانے میں جنگلات کی تباہی اور قدرتی مخلوق کی تباہی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انسانوں کی ان سرگرمیوں سے زمین سے کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج ہو کر ماحول میں شامل ہوجاتا ہے، صدیوں سے زمین کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے اور اسے زمین کی تہہ میں رکھنے کا کردار ادا کرتی رہی ہے لیکن اب یہ ایک تہائی گرین ہائوس گیسز کا سبب بن رہی ہے، اس کے ساتھ ہی کلائمٹ چینج کی وجہ سے جنگلات میں آگ لگنے، گلیشیئر پگھلنے اور جنگلات میں کمی کی وجہ سے زمین پر بوجھ بڑھ رہا ہے اور وہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ گیسز ماحول میں خارج کر رہی ہے۔ انڈیپنڈنٹ نے یہ خبر دیتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ ہماری محدود زمین کیلئے ایک بہت بڑا طوفان ہے۔ ایڈنبرا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈیوڈ ری اے کا کہنا ہے کہ آبادی میں اضافہ ہر چیز کو نگل رہا ہے اور اس کی وجہ سے کلائمٹ ایمرجنسی پیدا ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کلائمٹ میں تبدیلی سے فی ایکڑ پیداوار پہلے ہی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور گندم، مکئی، چاول جیسی بنیادی اجناس کی فصلیں خطریں سے دوچار ہیں۔ ڈیوڈ ری اے کا کہنا ہے کہ ہماری زمین کبھی بھی اتنی چھوٹی نظر نہیں آئی اور اس کے پانی کے نظام کو اس طرح کے خدشات کبھی لاحق نہیں ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انسانوں کو فوری طور پر برساتی جنگلات کی کٹائی روک دینی چاہئے اور زمین اور سبزہ زاروں کو خراب کرنے کی سرگرمیاں ترک کردینی چاہئیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پائیدار فارمنگ، جنگلات لگانے اور جنگلی حیات کو تحفظ دے کر بھی عالمی حدت میں اضافے کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق متوازن خوراک، جن میں پودوں سے حاصل ہونے والی خوراک، مثلاً اناج، پھلیاں، پھل اور سبزیوں اور جانوروں سے حاصل ہونے والی خوراک کے استعمال سے گرین ہائوس گیسز کے اخراج میں نمایاں کمی ہوسکتی ہے۔