ورلڈ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ، پاکستان ٹیم کی تیاری جاری

August 13, 2019

تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ہونے والے 37 ویں ورلڈ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ کی تیاری زور و شور سے جاری ہے۔ نارتھ ناظم آباد جیم خانہ میں جاری ٹیم کے تربیتی کیمپ کی نگرانی ڈاکٹر محمد عارف حفیظ اور شبیر احمد کررہے ہیں جس میں چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے 50 سے زائد کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔

چیمپئن شپ 22 اگست سے 2 ستمبر تک بنکاک کے فیشن آئی لینڈ میں ہوگی۔ سندھ اولمپک ایسو سی ایشن کے نائب صدر انجینئر محفوظ الحق اور سیکریٹری احمد علی راجپوت نے کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں سے ورلڈ چیمپئن شپ میں تیاری کے حوالے سے بات چیت کی۔

اس موقع پر سندھ اولمپک کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیپک ٹاکرا کھیل کا بے تحاشہ ٹیلنٹ موجود ہے، اگر اس کھیل پر مزید توجہ دی جائے تو پاکستان، تھائی لینڈ میں ہونے والے کنگز کپ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ میں میڈلز کی دوڑ میں شامل ہوسکتا ہے۔

کنگز کپ ورلڈ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ کی تیاری کے لیے ڈاکٹر محمد عارف حفیظ اور شبیر احمد کھلاڑیوں کو بھرپور ٹریننگ دے رہے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکریٹری نوشاد احمد خان، منیجر ڈاکٹر عارف حفیظ، ہیڈ کوچ شبیر احمد، عارف وحید، راجہ اعجاز، محمد سلیم، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر انجینئر محفوظ الحق، سیکریٹری احمد علی راجپوت، اصغر بلوچ، خالد رحمانی، خرم رفیع صدیقی، پرویز شیخ، طارق خان، عبدالباسط اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر پاکستان سیپک ٹاکرا فیڈریشن کے سیکرٹری نوشاد احمد نے کہا کہ پاکستان میں سیپک ٹاکرا کا کھیل بہت تیزی سے فروغ پارہا ہے جس کا اظہار گزشتہ ہفتے کیمپ کا دورہ کرنے والے تھائی لینڈ کے قونصل جنرل اور ڈپٹی قونصل جنرل نے بھی کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں ٹیم کی روانگی 21 اگست سے شروع ہوجائے گی۔ امید ہے ہمارے کھلاڑی اس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے میڈلز بھی حاصل کریں گے۔