تھر:حسین مناظر،ہزاروں شہریوں کی آمد، علاقے میں چہل پہل

August 14, 2019

اسلام کوٹ(عبدالغنی بجیر/نامہ نگار)نگرپارکر میں بارش کے بعد کارونجھر پہاڑ کے حسین مناظر دیکھنے کے لیے ہزاروں شہریوں کی آمد سے علاقے میں چہل پہل شروع ہو گئی،تفریح کیلئے آنے والے شہری یوم آزادی کے نغموں پر رقص کرتے رہے۔تفصیلات کے مطابق بارش کے بعد نگرپارکر کے کارونجھر پہاڑ کے حسین مناظر اور بہتی نہروں کو دیکھنے کے لیے سندھ بھر سے ہزاروں افراد نے تھر کا رخ کر لیا ہے۔عید کی چھٹیوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے منگل کو دن بھر لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔مٹھی اسلام کوٹ کے بائی پاس پر قائم ہوٹلز پر بھی تفریح کیلئے آنے والے افراد کا رش لگا ہوا تھا۔اس سال نگرپارکر میں زیادہ بارشیں پڑنے کی وجہ سے کارونجھر کی پہاڑیوں سے برساتی نہریں جاری ہیں اور جھرنوں کی وجہ سے خوبصورت مناظر دیکھنے کو ملے ہیں وسیع و عریض پہاڑیوں سمیت تمام علاقے کو ہریالی نے گھیر رکھا ہے۔جین مندروں،بھوڈیسر مسجد،ساڑھدرو،کاسبو اور دیگر تاریخی مقامات پر مقامی فنکار علاقائی رقص و گیت پیش کر کے تفریح کی غرض سے آنے والوں کو تادیر رکنے پر مجبور کر دیتے ہیں، مقامی ذرائع کے مطابق بدھ کے روز جشن آزادی کے دن پر بھی بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں کی آسانی کے لیے کسی قسم کے انتظامات نہیں کیے گئے۔