ہانگ کانگ ائیرپورٹ پر مظاہرین کے داخلے پر پابندی عائد

August 15, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.


ہانگ کانگ(مانیٹرنگ سیل)ہانگ کانگ ائیرپورٹ پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپوں کے بعد عدالت کی جانب سے مظاہرین کو ائیرپورٹ سے نکالے جانے کے حکم کے نتیجے میں فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال ہوگیا، ائیرپورٹ پر مظاہرین کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی، سیکڑوں پروازیں منسوخ،پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپیں،لاٹھی چارج،متعدد زخمی ہوگئے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مظاہرین کے ٹرمینل بلڈنگ میں گھسنے کی وجہ سے سیکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئی تھیں جب کہ ائیرپورٹ پر پولیس اور مظاہرین میں شدید جھڑپیں بھی ہوئیں،لاٹھی چارج سےمتعدد زخمی ہوگئے۔تاہم عدالتی حکم کے نتیجے میں ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال کردیا گیا ہے البتہ کچھ پروازیں تاحال منسوخ اور تاخیر کا بھی شکار ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ائیرپورٹ حکام کا کہنا ہےکہ انہوں نے مظاہرین کے خاص مقامات پر داخلے پر پابندی کے لیے عدالت سے حکم امتناع حاصل کیا۔ائیرپورٹ حکام کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ائیرپورٹ کے اندر یا حکام کی جانب سے مختص کی گئی جگہ پر کسی بھی احتجاج میں شرکت سے باز رکھا جائے گا۔ہانگ کانگ میں حکومت مخالف مظاہرے 10ہفتوں سے جاری ہیں اور گزشتہ ہفتے مظاہرین نے ائیرپورٹ پر احتجاج شروع کیا جب کہ گزشتہ روز ائیرپورٹ پر دھرنا دیے مظاہرین کی جانب سے مسافروں کو پروازوں تک جانے سے روکنے کی کوششیں کی گئیں جن میں بیرئیر اور لگیج ٹرالیوں کا بھی استعمال کیا گیا۔مظاہرین کی جانب سے مسافروں کو روکنے پر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا جس سے پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ہانگ کانگ کی حکومت نے پرتشدد مظاہروں کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا ہے۔حکومت کی جانب سے جاری بیان میں مظاہرین کے احتجاج کو پرتشدد عمل قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہےکہ مظاہرین نے مہذب معاشرے کی آخری لائن کو عبور کیا۔