برطانیہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے کردار ادا کرے، پرویز چوہدری

August 15, 2019

نیو کاسل (پ ر) پی ٹی آئی کشمیر نارتھ زون کے سابق جنرل سیکریٹری ڈاکٹر پرویز چوہدری کی لیبر پارٹی کی ایم پی لیزا ٹوسٹ سے نیو کاسل میں ان کے آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر پرویز چوہدری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے مسلح افواج کے ذریعہ غیر قانونی قبضے، کشمیریوں کے حقوق کو ختم کرنے، آئین کے آرٹیکل370اور35 Aکے خاتمے کے بعد کی تشویشناک صورت حال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا آرٹیکل370اور35 Aکو منسوخ کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے ساتھ زیادتی، خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے اور بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے، مسئلہ کشمیر برطانیہ کا پیدا کردہ ہے، اب برطانوی حکومت کی تاریخی ذمہ داری ہے برطانیہ حکومت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ لیبر پارٹی ممبر پارلیمنٹ لیزا ٹوسٹ نے اس صورت حال پر برطانوی وزارت خارجہ کو خط لکھنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا اس سے کشمیری کمیونٹی کے حوصلوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر پرویز چوہدری نے لیزا ٹوسٹ کو بتایا کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و صدر پی ٹی آئی کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خصوصی ہدایت دی ہے کہ برطانیہ کے تمام ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کرکے کشمیر پر تیز ترین صورت حال پر بریفنگ دی جائے، میں اسی ہدایت پر آپ سے ملاقات کررہا ہوں، جس پر لیزا ٹوسٹ نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔