سلامتی کونسل اجلاس بھارتی حکومت کی سفارتی ناکامی ہے، کانگریس

August 17, 2019

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل اجلاس کو بھارتی حکومت کی سفارتی ناکامی قرار دے دیا۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

کانگریس ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر کرنا بھارتی حکومت کی سفارتی اوراسٹریٹیجک ناکامی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ جوہری معاملہ حساس نوعیت کا ہے، اس پر مبہم بات نہیں کی جاسکتی، حکومت جوہری پالیسی واضح طور پر بیان کرے۔

واضح رہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے گذشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان اور میڈیا سے گفتگو میں ایٹمی ہتھیاروں کے پہلے استعمال کی پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ دیا تھا۔

راج ناتھ سنگھ نے عالمی برادری کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اب تک ایٹم بم کے ’نو فرسٹ یوز‘ کی پالیسی پر قائم رہا ہے، مستقبل میں کیا ہوگا؟ اس کا انحصار حالات پر ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے راج ناتھ سنگھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب کوئی سٹھیا جاتا ہے تو وہی کہتا ہے جو کل راج ناتھ سنگھ نے کہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دماغ میں خرابی پیدا ہو تو وہ کیا جاتا ہے جو بھارت نے 5 اگست کو کیا، پاکستان کےلیے آرٹیکل 370 کی کوئی اہمیت نہیں، ہمارے لیے مستقل حل کی اہمیت ہے، وہ حل جس کا بھارت پابند ہے۔