صدر نے پاک بحریہ کے افسران اورجوانوں کیلئے ملٹری اعزازات کی منظوری دیدی

August 18, 2019

اسلام آباد(صباح نیوز)صدرِمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے پاکستان نیوی کے آفیسرز اور جوانوں کیلئے ملٹری اعزازات کی منظوری دے دی گئی ہے، 14ستارہ امتیاز ، 13 تمغہ امتیاز ،8 تمغہ بسالت ، 3 ہلالِ امتیاز اور 2 ستارہ بسالت دیئے جائیں گے ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے 3 رئیرایڈمرل کو ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 14 آفیسرز کو ستارہ امتیاز (ملٹری)اور 13 آفیسرز کو تمغہ امتیاز (ملٹری) تفویض کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ نیوی کے 2 آفیسرز کو ستارہ بسالت ، 2 آفیسرز اور 6 جوانوں کو تمغہ بسالت تفویض کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ صدرِپاکستان نے دشمن کی آبدوز کا سراغ لگانے والے آفیسرز لیفٹیننٹ کمانڈر حمیر افتخار کو ستارہ بسالت اورلیفٹیننٹ کمانڈر خرم داود کو تمغہ بسالت تفویض کرنے کی منظوری دی ہے ۔ پاک بھارت کشیدگی کے دوران اپنی آبدوزوں کی دشمن کے پانیوں میں کامیابی سے طویل مدتی آپریشنل ڈپلائمنٹ پر کیپٹن ایلیا حسن کو ستارہ بسالت تفویض کرنے کی منظوری دی گئی ۔