کراچی، کم عمر لڑکے کی تشدد سے ہلاکت

August 18, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

کراچی کے علاقے بہادرآباد میں کم عمر مبینہ چور علاقہ مکینوں کے تشدد سے ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا، پولیس نے تشدد میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

عوام کے تشدد سے ہلاک ہونے والے نوجوان ریحان کے والد کا کہنا ہے کہ مقتول قصائی کا کام کرتا تھا اور گزشتہ روز اپنے کزن کے پاس پیسے لینے گیا اور واپس نہیں آیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کرد یا ہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ مقتول ریحان ایک مرتبہ منشیات اور چوری کے کیس میں جیل جاچکا ہے تاہم اس کی ضمانت ہوگئی تھی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ 17 سالہ مبینہ چور ریحان پر بنگلے کے مالک اور علاقہ مکینوں نے تشدد کیا جس سے وہ ہلاک ہوگیا ، مرنے سے قبل ریحان کا بیان بھی لیا گیا، پولیس نے تشدد میں ملوث 2 افراد دانیال اور زبیر کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق درج کرلیا ہے، رپورٹ میں ریحان کی موت کی وجہ سر پر چوٹ لگنے کو قرار دیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مبینہ چور ریحان کو پکڑ کر تشدد کے بعد رینجرز کے حوالے کرنے کی کوشش کی گئی ، مگر رینجرز کے پہنچنے تک ریحان کی حالت غیر ہوچکی تھی اور اس نے اسپتال پہنچنے سے پہلے راستے میں ہی دم توڑ دیا ۔

پولیس کی جانب سے مقدمے میں جان بوجھ کر تشدد کرکے قتل کرنے کی دفعات کو شامل کیا گیا ہے جس کے تحت تشدد کرنے والے دونوں ملزمان زیبر اور دانیال کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث مزید 10 سے 12 افراد کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ بہادرآباد کوکن گراؤنڈ کے قریب دو نوجوان چوروں نے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم اس دوران گلی میں موجود گارڈ نے ایک کم عمر چور کو پکڑ لیا جو بعد ازاں عوام کے تشدد سے ہلاک ہوگیا جبکہ اسکا ساتھی فرار ہوگیا۔