رواں ہفتے کے اختتام پر کشمیر کا مسئلہ مودی کے سامنے اٹھاؤنگا، ثالثی کی بھرپور کوشش کرونگا، امریکی صدر

August 21, 2019

واشنگٹن (جنگ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر تنازع کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کردی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ رواں ہفتے کے اختتام پر کشمیر کا مسئلہ مودی کے سامنے اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر ایک انتہائی پیچیدہ علاقہ ہے، یہاں ہندو بھی آباد ہیں، یہاں مسلمان بھی آباد ہیں، میں یہ نہیں کہوں گا کہ ان کے تعلقات آپس میںاچھے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ میں ثالثی کیلئے اپنی بھرپور کوشش کروں گا۔ قبل ازیں ٹوئٹر پر اپنے بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی میرے بہترین دوست ہیں ، دونوں سے بات چیت مثبت رہی ۔ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز دونوں رہنمائوں کو علیحدہ علیحدہ فون کئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ʼمیں نے اپنے اچھے دوستوں سے بات چیت میں تجارت، اسٹریٹیجک شراکت داری اور سب سے بڑھ کر کشمیر میں کشیدگی میں کمی کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ ʼخطے میں صورت حال کشیدہ ہے مگر یہ بات چیت مثبت رہی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وائٹ ہاؤس کے ترجمان ہوگان گڈلے کی جانب سے ایک جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے بھارت اور پاکستان کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں امن کو برقرار رکھنے کی اہمیت سے آگاہ کیا ہے۔