بھارت ادویات کی مد میں پاکستان سے اربوں روپے کما رہا ہے

August 21, 2019

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی صحت کو بتایا گیا ہے کہ کتے اور سانپ کے کاٹنے کی ویکسین سمیت 160 سے زائد ادویات بھارت سے درآمد کی جاتی ہیں،ہم بھارت سے حالت جنگ میں ہیں اور دوسری جانب اسے اربوں روپے کا فائدہ دے رہے ہیں،پاکستان میں ایک کروڑ سے زائد افرادٹی بی مرض کا شکار ہیں، پاکستان کا شمار ٹی بی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے، ملک میں سالانہ 5 لاکھ 25 ہزار ٹی بی کے نئے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں جبکہ سالانہ ٹی بی کے مرض سے 54 ہزار لوگ مر جاتے ہیں،کمیٹی نے ٹی بی سمیت مختلف ادویات کی بھارت سے درآمد پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ہر فارماسیوٹیکل کمپنی کو کم از کم 5 فیصد ٹی بی اور دیگر امراض کی ادویات کی تیاری خود کرنی چاہیے۔