دوہرے قتل کی اندھی واردات میں ملوث 3ملزم گرفتار

August 21, 2019

راولپنڈی( سٹاف رپورٹر )راولپنڈی پولیس نےدوہرے قتل کی اندھی واردات ٹریس کرکے حافظ قرآن سمیت2افراد کو قتل کرنے میں ملوث 3 ملزموں کوگرفتار کرلیا۔چند ماہ قبل تھانہ صدر بیرونی کے علاقہ ڈھوک لکھن میں حافظ قرآن اصغر اللہ اور رحمت اللہ کی لاشیں ملی تھیںجنہیں گولیاں اور چھریاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ملزموں میں رسول اکبر ،وارث خان اور امیر محمد عرف عامر کو ہنگو سے گرفتار کیا گیا۔ایس پی صدر رائے مظہر اقبال نے سی پی ا و فیصل رانا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم رسول اکبر منشیات کے مقدمہ میں گرفتار ہوکر31دن جیل میں رہا ،اسے شک تھا کہ رحمت اللہ اور حافظ اصغر اللہ نے اس کے خلاف منشیات فروشی کے حوالے سے پولیس کو مخبری کی تھی،اس رنجش پر ملزم نے اپنے ساتھیوں امیر عرف عامر اور وارث خان سے مل کر دونوں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا،ملزموں نے دونوں کو بہانے سے بلایا اورانہیں زبردستی چرس سے بھرے سگریٹ پلائے اوران سے گپ شپ لگاتے ہوئے ان دونوں کو ویرانے میں لے گئے،پہلے ایک اور پھر دوسرے کو گولیاں مار کر قتل کر دیا اورلاشیں ویرانے میں پھینک کرفرار ہوگئے،ایس پی نے بتایا کہ ملزم رسول اکبر نے ابتدائی تفتیش میں دل ہلا دینے والا انکشاف کیا ملزم رسول اکبر وارادت کے کئی گھنٹے بعد رات 2 بجے کے قریب جائے وقوعہ پر آیا اور دونوں مقتولین کی لاشوں کو چھریاں مارتارہا۔ایس پی نے بتایا کہ ملزموں نے مقتولین کے موبائل فونز بھی چھین لئے ،ایک ملزم نے واردات کے4ماہ بعد مقتول کا موبائل استعمال کرنا شروع کیا جس کے ذریعے واردات ٹریس ہوئی اور ملزمان گرفتار ہوئے۔