کشمیری مقبوضہ کشمیر کیلئے مجید ترمبو کی قیادت میں متحد ہوجائیں، مقصود جرال

August 22, 2019

کوونٹری (نمائندہ جنگ) ممتاز قانون دان کشمیری رہنما و حریت لیڈر بیرسٹر مجید ترمبو آف سرینگر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد کیخلاف بین الااقوامی سطح پر پاور کوریڈورز میں لابنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے تاکہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے بھارتی افواج کا انخلا ممکن بنایا جا سکے اور دنیا کے ارباب اختیار کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا جا سکے۔ برسٹر مجید ترمبو نے یونان اور اٹلی میں سیکڑوں افراد کے ہمراہ بھارت کیخلاف مظاہرے کئے۔ کشمیری رہنما مرزا مقصود جرال نے کہا کہ پوری کمیونٹی کشمیری عوام کے وسیع تر مفاد میں بیرسٹر مجید ترمبو کی قیادت میں متحد ہوجائے تاکہ ایک بھرپور تحریک کا آغاز کیا جاسکے لاکھوں کشمیریوں کی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے باوجود آج بھارت ظالم نے کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کا قانون بنا دیا ہے بھارت کے اس اقدام سے ہمیں ایک ایسی شخصیت کے ساتھ اور اسکی قیادت میں کھڑا ہونا ہو گا جسکی کارکردگی تجربہ اور کام عوام کے سامنے ہو۔ مرزا مقصود جرال نے کہا کہ بیرسٹر مجید ترمبو نے جینوا اور سلامتی کونسل کیساتھ ساتھ او آئی سی میں ایسی ایسی قراردادیں پیش کیں جس سے کشمیریوں کا مقدمہ مضبوط ہوا اور بھارت کو منہ کی کھانی پڑی آج حکومت پاکستان اور آزادکشمیر حکومت کو چاہئے کہ وہ بیرسٹر مجید ترمبو کی صلاحیتوں سے مستفید ہوں۔ مرزا مقصود جرال نے برطانیہ کے نوجوان کونسلر کامران خان کی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ انکی طرف سے بیرسٹر مجید ترمبو کی قیادت میں تحریک شروع کرنے کی تجویز خوش آئند ہے تمام کشمیریوں اور ہاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ اپنے تمام تر اختلافات ختم کریں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی خاطر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں ایک بھرپور تحریک کا آغاز کریں تاکہ کشمیریوں کو آزاد فضا میں سانس مل سکے ۔