حکومت نے کشمیر کا مقدمہ موثر انداز میں پیش نہیں کیا،مفتی قصوری

August 22, 2019

کراچی ( پ ر ) مرکزی جمعیت اہل حدیث سندھ کے امیر مفتی یوسف قصوری نے کہا ہے کہ حکومت اقوام عالم میں کشمیریوں کا مقدمہ موثر انداز میں پیش نہیں کر سکی، سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ نے ایک مرتبہ پھر مایوس کیا ، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو پامال کر کے مودی سرکار بے نقاب ہو چکی ہے ، وہ مرکز ادارہ فروغ قرآن وسنت ناظم آباد میں ’’ استحکام پاکستان و یکجہتی کشمیر سیمینار ‘‘ سے صدارتی خطاب کر رہے تھے ۔ سیمینار سے اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے صدر حافظ فیصل افضل شیخ سید عامر نجیب ، مولانا افضل سردار ، حافظ عبد الحمید گوندل ، مولانا اسحاق نذیر ، مولانا ابراہیم خلیل ، حکیم زبیر عباسی ، خالد محمود ادریس اور سماجی رہنما اقبال نون نے بھی خطاب کیا ۔ مفتی یوسف قصوری نے کہا کہ کشمیریوں کی لڑائی اپنے حق خود ارادیت کے لئے ہے اورتمام پاکستانی اس لڑائی میں اُن کے ساتھ ہیں ، کشمیریوں کی مدد کے لئے ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاک فوج پر فخر ہے اور قوم کا بچہ بچہ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ۔ مہمان خصوصی حافظ فیصل افضل شیخ نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی مرضی کے مطابق حل ہونا چاہئے ، اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر پر سنجیدگی اختیار کی جائے کسی کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ کشمیر پر اپنی مرضی مسلط کرے ۔