پی سی بی آئین منظور، کیبنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا

August 22, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کیبنٹ ڈویژن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے نئے آئین کی منظوری دے دی ہے جس کا نوٹیفکیشن پی سی بی کو مل گیا ہے۔ اس منظوری کے بعد آئین 19اگست 2019سے نافذ العمل ہوگیا ہے۔ پی سی بی کے اعلامیہ کے مطابق نئے آئین کے تحت بورڈ آف گورننگ میں تین کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدور بھی شامل ہوں گے، جن کے لیے روٹیشن پالیسی کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ گورننگ بورڈ کے دیگر اراکین میں 4 آزاد ڈائریکٹرز جن میں ایک خاتون کا ہونا لازمی ہے، پیٹرن کی جانب سے 2 نامزد اراکین بھی بی او جی کا حصہ ہوں گے۔ سیکرٹری آئی پی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز میں بطور غیرفعال رکن شامل ہوں گے۔ کرکٹ ایسوسی ایشنز اور آزاد ڈائریکٹرز کے مجموعی طور پر 7 میں سے 4اراکین کی شمولیت تک موجودہ گورننگ بورڈکام جاری رکھے گا۔ نئے آئین میں 16ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز کو 6کرکٹ ایسوسی ایشنز میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ 6کرکٹ ایسوسی ایشنز میں بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن، سنٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن اور خیبر پختون خواہ ایسوسی ایشن شامل ہیں ۔ ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن، سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن اور سدرن کرکٹ ایسوسی ایشن بھی فہرست میں شامل ہیں۔ نئے آئین میں ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز کو سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز سے تبدیل کردیا جائے گا۔ کرکٹ ایسوسی ایشنز اور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز اپنے اپنے ماڈل آئین کے تحت کام کریں گے۔ تمام ماڈل آئین پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز سے منظور شدہ ہوں گے۔ 11 رکنی پی سی بی جنرل باڈی میں چیئرمین پی سی بی، تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے صدور، صدر بلائنڈ کرکٹ کونسل اور صدر ڈیف اینڈ ڈمب کرکٹ ایسوسی ایشن شامل ہوں گے۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو اور چیف آپریٹنگ آفیسر جنرل باڈی کے غیر فعال اراکین ہوں گے۔ نئے آئین کے بعد چیرمین پی سی بی اور چیف ایگزیکٹو کے اختیارات علیحدہ کردیے گئے ہیں۔