کراچی میں بارشوں سے 30 ہلاکتیں، کے الیکٹرک سے 3 ہفتوں میں جواب طلب

August 22, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر،ایجنسیاں)سندھ ہائی کورٹ نے بارش میں کرنٹ لگنے سے 30سے زائد افراد سے متعلق درخواست پر کے الیکٹرک کو جواب دینے کے لئے ستمبر کے آخری ہفتے تک مہلت دیدی اور تین ہفتوںمیںجواب طلب کرلیا۔جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسز کوثر سلطانہ حسین پر مشتمل دو رکنی بنچ کے روبرو درخواست کی سماعت ہوئی۔دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ کے الیکٹرک کراچی کے شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام رہی ہے۔ کے الیکٹرک کمپنی کا لائسنس منسوخ کیا جائے۔ مرنے والوں کے اہلخانہ کو مناسب معاوضہ دلوا یا جائے۔دوران سماعت عامر عزیز ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ کے الیکٹرک کی غفلت اور انفرا اسٹرکچر کی کمزوری کے باعث 30 لوگ جاں بحق ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دیگر اداروں کی بھی نااہلی ہے کنڈے لگے ہوئے ہیں،کیبل والوں کا نظام بھی ہے۔ عامر عزیز ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ اس دفعہ بارش میں جتنی ہلاکتیں ہوئی ہیں پہلے کبھی نہیں ہوئیں۔ کے الیکٹرک کے وکیل نے وکالت نامہ جمع کرادیا۔ عدالت نے کے الیکٹرک کو جواب کیلئے ستمبر کے آخری ہفتے تک مہلت دے دی۔