موجودہ حالات میں سیدعطاءاللہ شاہ بخاری کی ضروت ہے،مجلس احرار اسلام

August 22, 2019

لاہور(نمائندہ جنگ) تحریک ختم نبوت کے قائد اور مجلس احراراسلام کے بانی حضرت امیرشریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری کے 58ویں یوم وصال پر ملک بھرمیں یوم امیرشریعت منایاگیا ۔مختلف دینی جماعتوں اورتنظیموں کے قائدین اور رہنمائوں نے سید عطاء اللہ شاہ بخاری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ہندوستان سے انگریز سامراج کے تاریک سناٹے والی سیاہ رات کوختم کرنے کے لیے سید عطاء اللہ شاہ بخاری ان کے رفقاء احرارنے تن من دھن کی بازی لگادی اور انگریز سامراج کو برصغیر چھوڑنے پر مجبور کردیا،آج کے حالات میں پھر ایک سید عطاء اللہ شاہ بخاری کی ضرورت ہے ۔مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیرسید محمد کفیل بخاری ،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ ،ڈاکٹرمحمد آصف ،عاشق علی احراراور دیگر مقررین نے جامعہ عثمانیہ مکی مسجد ابوایونصاری ٹائون قصور میں یوم امیرشریعت کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سید عطاء اللہ شاہ بخاری نے جو قافلہ سخت جاں تیار کیاتھا ،1953ء میں تحریک ختم نبوت کی پاداش میں پابندی لگنے کے باوجود ،آج پوری طرح میدان عمل میں ہے ۔عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاکہ سید عطاء اللہ شاہ بخاری اور شہداء ختم نبوت کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم آسمانی تعلیمات کے نفاذ کے علمبردار بن جائیں اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ ودفاع کے لیے اپنی جدوجہدکو آگے بڑھانے والے بن جائیں ۔ 7ستمبر کوملک بھر میں ’’یوم ختم نبوت‘‘جوش وخروش کے ساتھ منایاجائیگا ۔