تھر میں این ای ڈی کیمپس قائم کیے جانے کے حوالے سے اجلاس

August 22, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت تھر میں این ای ڈی یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے کے حوالے سے اجلاس

تھر میں این ای ڈی یونیورسٹی کیمپس قائم کیا جائے گا، اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں تھر میں این ای ڈی یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ تھر میں انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (ٹی آئی ای ایس ٹی) قائم کیا جائے گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ میں اسی سال داخلہ کیے جائیں اور ٹیچنگ اسٹاف جو تھر میں دستیاب ہے ان کو ترجیح دی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو این ای ڈی یونیورسٹی کے وی سی پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نے تھر میں ٹی آئی ای ایس ٹی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھر ملک کا مستقبل ہے، ٹی آئی ای ایس ٹی کا قیام بہتر اور بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تھر میں یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا، آج چیئرمین کے کیے گئے وعدے کی تکمیل ہو رہی ہے اور آج شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی روح سکوں محسوس کر رہی ہوگی۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگلے 20 سالوں میں 20000 میگاواٹ بجلی کوئلے سے پیدا ہو رہی ہوگی، تھر میں اتنی اکنامک ایکٹوٹی ہوگی کہ یہ یونیورسٹی دنیا کی بہترین یونیورسٹیز میں شامل ہو جائے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نےتھر انسٹی ٹیوٹ آف انجنیئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کو 300 ایکڑ زمین دینے کا فیصلہ کیا جبکہ یونیورسٹی میں انڈسٹریل پارک بھی قائم ہوگا۔

دوسری جانب مراد علی شاہ نےیونیورسٹی، رہائشی کالونی، بہترین اساتذہ کو اچھی تنخواہ اور مراعات دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ بہترین طلبہ کو اسکالرشپس تھر فائونڈیشن اور دیگر اداروں سے دلوائی جائے گی۔