مسئلہ کشمیر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے، عبدالمجید ندیم

August 23, 2019

برمنگھم(پ ر)کشمیر کا مسئلہ ساری دنیا میں ایک فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔ برطانیہ و یورپ سمیت ساری دنیا میں ہونے والے مظاہروں اور سیمینار نے یہ ثابت کردیا ہے کہ کشمیری آزادی کی جدوجہد میں اکیلے نہیں ہیں۔ اقوامِ عالم کا فرض ہے کہ وہ ہندوستان کی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ کشمیریوں کوآزادی کا پیدائشی حق دے۔ لگاتار کرفیو، پوری وادی کے بلیک آئوٹ کے باوجود کشمیریوں کے عزم نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ وہ آزادی سے کم کسی بھی بات پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ ان خیالات کا اظہار مفتی عبدالمجید ندیم، نائب صدر تحریک کشمیر برطانیہ نے ہینڈز ورتھ اسلامک سنٹر برمنگھم میں خصوصی خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا ’’ اقوامِ متحدہ کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مر حلے پر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور ظلم کا شکار کشمیریوں کی عملی مدد کرے۔ بھارت کا رویہ اس عالمی ادارے کے منہ پر بھی زور دار طمانچہ ہے، لہٰذا اقوامِ متحدہ کی ساکھ کو بچانے کے لئے بھی ضروری ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف سخت اقدامات کرے۔ اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو مظلوموں کو معلوم ہو جائے گا کہ دنیا دہرے معیار کو اختیار کئے ہوئے ہے اور آج بھی دنیا میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون چل رہا ہے۔