بین المذاہب ہم آہنگی مضبوط بنانا موجودہ دور کا اہم تقاضہ ہے، شفقت محمود

August 24, 2019

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمودنے کہا ہے کہ مادر وطن کی ترقی و خوشحالی کےلئے بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو مضبوط بنانا موجودہ دور کا اہم ترین تقاضا ہے،بین المذاہب ہم آہنگی کو پروان چڑھانے کےلئے ریاست کے تمام شہریوں کوان کے مذہب اور عقیدے کی امتیاز و تفریق کے بغیر انہیں معاشرتی شمولیت کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں " ہم پاکستانی" کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مقررین نے وطن عزیز کو درپیش مختلف نوعیت کے چیلنجوں سے نمٹنے اور معاشرے کو انتہا پسندی کی لعنت سے پاک کرنے کےلئے ملک کے بیانیے ʼہم پاکستانیʼ کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ تقریب میں معاشرے کے مختلف طبقات کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مقررین نے تشدد ، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے اسباب و عوامل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عدم رواداری اور تعصب کی لعنتوں کا مقابلہ کرنے کےلئے پوری پاکستانی قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا ہوگا اور قوم میں تعلیم اور انصاف کے ذریعہ وطن پرستی اور وطن سے محبت کے جذبات کو پروان چڑھانے کےلئے ایک مضبوط معاشرتی نظام تیار کرنا ہوگا۔