مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط اور ظلم وستم کیخلاف اسلام آباد سمیت ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں اورمظاہرے

August 24, 2019

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط اور ظلم وستم کیخلاف اسلام آباد سمیت ملک بھر میں احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا سلسلہ جمعے کے روز بھی جاری ر ہا ، اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی جس میں پاکستان کی ہندو، سکھ اور عیسائی برادری سمیت سول سوسائٹی کے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی،مسیحی وفد بیشپ ندیم کامران کی قیادت میں شریک ہوا۔ تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے اسلام آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کی غیرت کو للکارا ہے، اس کا جواب ضرور دیں گے، اس جنگ کا آغاز بھارت نے کیا ہے، اختتام ہم کریں گے، ہم پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑیں گے، بھارت نے پورے کشمیر کا محاصرہ کیا ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر کو اندھیرے کی چادر میں لپیٹ دیا گیا ہے، راج ناتھ سن لو، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان جنگ سے آزاد کرایا ہے، آزاد کشمیر کی بات کی تو یہاں تمہارے فوجیوں کا قبرستان بنائیں گے، سکھ رہنما ڈاکٹرپرتاب سنگھ نے مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر بھی آپ سے لیں گے اور خالصتان بھی لے کر رہیں گے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کردی ہے، 18 دن سے کشمیریوں کے ساتھ ظلم اور بربریت جاری ہے، مودی اقتدار کے نشے سے اترو، کچھ بھی ہوا تو سکھ برادری سرحد پر سب سے پہلے جائے گی، سکھوں کو یہ حکم جاری کیا گیا ہے کہ کشمیریوں کا ساتھ دیں۔ ریلی میںسول سوسائٹی کے نمائندے، خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد ریلی میں شریک تھی جنہوں نے ہاتھوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم تھام رکھے تھے۔