بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم کی کارروائی‘بیکرز پلانٹ اور ہوٹل سیل

August 24, 2019

کوئٹہ (خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے گزشتہ روز مشن روڈ اور کاسی روڈ سبزی مارکیٹ میں قائم ہوٹلز ملک شاپس اور بیکرز پلانٹ کا معائنہ کیا۔معائنہ ٹیم نے مذکورہ کھانے پینے کے مراکز میں تیار اور فروخت ہونے والی مختلف اشیاء خورد و نوش کے معیار اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔معائنہ کے دوران پیلس بیکرز پلانٹ کو پروڈکشن ایریا میں گندگی و غیر معیاری اجزاء کے استعمال اور آئٹمز کے ڈھکے ہوئے نہ ہونے، مشہدی ہوٹل کو انتباہ کے باوجود صفائی کی ناقص صورتحال اورملازمین کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر سیل جبکہ عمر ملک شاپ کودودھ میں حشرات کی موجودگی اور گندے فریزرز کی بناء پر 15 ہزار روپے جرمانہ کرتے ہوئے برآمد ہونے والے مضر صحت دودھ کو موقع پر تلف کر دیا گیا۔فوڈ اتھارٹی حکام نے کارروائی کے دوران دیگر کھانے پینے کے مراکز کے مالکان وعملے کو صفائی کے انتظامات بہتر بنانے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء خوردونوش کی تیاری و فروخت یقینی بنانے کیلئے خصوصی ہدایات دیں جبکہ متعدد کو وارننگ نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔