الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری، حکومت نے آئین کی خلاف ورزی کی ، فضل الرحمٰن

August 25, 2019

اسلام آباد (صباح نیوز) جمعیت علما اسلام (ف) کی مرکزی مجلس شوری کا دو روزہ اجلاس شروع ہوگیا۔ اجلاس امیر جے یو آئی مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں ہورہا ہے۔ پاک بھارت کشیدگی، اسلام آباد بند کرنے اور مسئلہ کشمیر پر پارٹی کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی ہے، آج اتوارکو فیصلوں کا اعلان کیا جائے گا، اجلاس میں صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کو مستردکردیا گیا ، مولانا فضل الرحمن نے شوری اراکین سے اسلام آباد دھرنے کے شیڈول پر مشاورت بھی کی ۔اجلاس میں ملکی سیاسی و مجموعی صورت حال اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غورکیا گیا، جب کہ جمعیت علما اسلام نے الیکشن کمیشن کے دونوں نئے ارکان کی تقرری کو مسترد کردیا ہے ۔،مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری غیر قانونی ہے ۔ حکومت کی طرف سے ارکان کی منظوری سے آئین کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ ایسے فیصلوں سے الیکشن کمیشن آزاد اور غیر جانبدار نہیں رہے گا۔آئین کے اندر اس طرح کی تقرری کی کوئی گنجائش نہیں، مولانافضل الرحمن نے کہا ہے کہ ممبران سے حلف نہ لیکر چیف الیکشن کمشنر نے قانون کی پاسداری کی ہے۔