تھیلیسیمیا سے نجات ہمارامشن ہے،مکمل کرینگے،صاحبزادہ حلیم

August 25, 2019

پشاور(نیوزڈیسک) فرنٹیئرفاؤنڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے کہا ہے کہ خون کے موروثی امراض کے خاتمے کیلئے عوام میں شعور و آگاہی انتہائی ضروری ہے، عوام میں جب تک شعور اجاگر نہیں ہوگا تھیلی سیمیا اور خون کے دیگر امراض پر قابو پانا مشکل ہے،یہی وجہ ہے کہ فرنٹیئر فاؤنڈیشن امراض خون میں مبتلا بچوں کو بلامعاوضہ علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف تقاریب کا انعقاد کرتاہے تاکہ عوام کو خون کے موروثی امراض خصوصاً تھیلی سیمیا کے حوالے سے آگاہی دی جاسکے،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ان امراض خون کے خاتمہ اور تھیلی سیمیا سے پاک معاشرہ کیلئے فرنٹیئر فاؤنڈیشن کی جاری کوششوں میں عوام کا تعاون بے حد ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ تھیلی سیمیا سے نجات ہمارا مشن ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں، ادارہ تھیلی سیمیا اور ہیموفیلیا کے مریضوں کو انتقال خون ،انجیکشنز کی فراہمی سمیت علاج معالجہ کی ہرممکن سہولت بلامعاوضہ فراہم کررہا ہے، ایسے میں مخیرحضرات کا تعاون مددگارثابت ہورہاہے، خون کے موروثی امراض کے خاتمہ کیلئے عوام آگے آئیں اور ہمارے قدم سے قدم ملا کرچلیں تاکہ تھیلی سیمیا سے نجات کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایاجاسکے۔