برسلز : پاکستانی سفارت خانے میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

August 30, 2019

وزیراعظم پاکستان عمران خان کی اپیل پر برسلز کے پاکستانی سفارت خانے میں بھی اپنےکشمیری بہنوں بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر چارج ڈی افیئر نعمان بشیر بھٹی کی قیادت میں سفارت خانے کا عملہ اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سفارت خانے کی عمارت سے دیے گئے وقت پر باہر نکل آئے اور مقبوضہ وادی میں محصور کشمیریوں کو پاکستانی قوم کی یکجہتی کا پیغام دیا ۔

اظہار یکجہتی کے اس مظاہرے میں بیلجئیم میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی۔

اس موقع پرپاکستانی سفارت خانے کے چارج ڈی افیرز نعمان بشیر بھٹی اور ایچ او سی گیان چند نے وزیر اعظم پاکستان کی اپیل کو دہرایا اور کمیونٹی سے کہا کہ وہ یورپین دارالحکومت میں کشمیری بھائیوں کی مدد کے لیے بھر پور اور سرگرم کردار ادا کریں۔

اس موقع پر کشمیر کی آزادی کے ملی نغمے بھی سنائے گئےاور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشمیریوں کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی۔