وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس

August 30, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، فائل ویڈیو

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومت کی معاشی ٹیم کا اہم اجلاس ہوا ،جس میں ملک کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومت کی معاشی ٹیم کا اجلاس وزیراعظم آفس میں ہوا،اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ ،معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان ،وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر اقتصادی امور حماد اظہر ،وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب اور مشیر تجارت عبدالرزاق داود بھی شریک ہوئے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں موجودہ معاشی صورتحال اور حکومت کے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے پر مشاورت کی گئی، برآمدات میں اضافے ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنے اور معیشت کو استحکام دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔

وزیراعظم عمران خان نے چھوٹی اور درمیانی کاروباری کمپنیوں کے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ایکنک کی جانب سے زراعت اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کے لئے 579 بلین روپے کی منظوری دے دی گئی ہے، جس میں کراچی کے لئے ماس ٹرانزٹ منصوبہ کے لئے رقم کی منظوری بھی شامل ہے ۔

وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں حکام نے کہا کہ جولائی 2019 سے جاری مالیاتی سال کا آغاز مثبت نوٹ سے ہوا ہے، برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں 31٪ کمی واقع ہوئی، یکم ستمبر 2019 کو ایندھن کی قیمتیں بھی کم ہوجائیں گی ۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ عالمی بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک جیسے بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے بجٹ کی حمایت بحال کردی ہے ۔

اجلاس میں معاشی استحکام کے لئے کاروباری برادری کے ساتھ بات چیت کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔