کشمیری اپنا خون دےکر آزادی کی شمع بجھنے نہیں دے رہے، راجہ فاروق حیدر

September 02, 2019

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کرفیو کے باوجود اپنا خون دے کر آزادی کی شمع بجھنے نہیں دے رہے، ہمیں تو ان کی آواز کو بلند رکھنے کے لئے صرف اپنا وقت دینا ہے۔

برسلز پہنچنے پر نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت تاریخ کو جھٹلا کر طاقت کے زور پر کشمیر کو ہضم نہیں کر سکتی۔

راجہ فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ یہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک زمین کے ٹکڑے کا تنازع نہیں بلکہ کشمیری عوام کے جمہوری حق اور دنیا میں ایک تسلیم شدہ تنازعے کا مسئلہ ہے۔ اقوام متحدہ کی 11 قراردادیں اس بات کی علامت ہیں، اسی لئے پاکستان نے اسے ایک متنازعہ علاقہ سمجھا اور پاکستان نے ہمیشہ وہاں استصواب رائے کی بات کی۔

انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ یورپین پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی نے نئے پارلیمانی سال کے پہلے ہی دن مسئلہ کشمیر کو اپنے ایجنڈے میں شامل کیا ہے، ہمیں یورپین قیادت سمیت ضمیر عالم کو جھنجھوڑتے رہنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے لئے ہمیں اپنے تمام سیاسی اور نظریاتی اختلافات کو بھلا کر ایک ہونا ہوگا اور ایک مختصر اور کامن ایجنڈے پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آج ان کی اقوام متحدہ کے نمائندگان اور اراکین پارلیمنٹ سے ملاقاتیں ہیں جبکہ شام کو برسلز پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کروں گا۔

قبل ازیں وزیر اعظم آزاد کشمیر جب برسلز پہنچے تو مدی ساؤتھ ریلوے اسٹیشن پر کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید، فری کشمیر برلن کے ڈاکٹر صدیق کیانی، ورلڈ ڈائس پورہ الائنس یورپ کے صدر خالد جوشی، سردار صدیق خان، راجہ خالد اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔