تاریخِ سندھ

September 08, 2019

مصنّف: سیّد ابوظفر ندوی

صفحات: 384 ،

قیمت: 500روپے

ناشر: مکتبہ جمال، تیسری منزل، حسن مارکیٹ، اُرود بازار، لاہور

زیرِ تبصرہ کتاب سندھ کی تاریخ سے متعلق ہے۔سندھ کی تاریخ اس لحاظ سے بہت اہم ہے کہ برصغیر کی سرزمین میں مسلمانوں کا پہلا قافلہ سندھ ہی میں اُترا اور یہیں ان کی پہلی حکومت قائم ہوئی۔نیز، مسلمان ایک ہزار سال سے زائد یہاں حکم ران رہے، جس کے آثار آج بھی سندھ میں نمایاں ہیں۔اس کے باوجود اُردوزبان میں سندھ کی کوئی خاص مفصّل، محقّقانہ اور مستند تاریخی کتاب نہیں ملتی۔غالباً یہ اُردو میں سندھ کی پہلی مفصّل اور مستند کتاب ہے،جس میں سندھ کا جغرافیہ، مسلمانوں کے حملے سے پیش تر کے مختصر اور اسلامی فتوحات کے مفصّل حالات، خلافت راشدہ کے زمانے سے لے کر آٹھویں صدی ہجری تک سندھ جن جن حکومتوں کے ماتحت رہا اور عباسیوں سے آزاد، یہاں جو جو حکومتیں قائم ہوئیں، ان کی پوری تاریخ اور ان تمام ادوار کے نظامِ حکومت، علمی و تمدنی حالات اور رفاہ عامّہ کے جو جو امور انجام پائے، سب کی پوری تفصیل درج ہے۔ اس کتاب میں قدیم سندھ کے کئی نقشے بھی مرتّب کرکے شامل کیے گئے ہیں، تاکہ سندھ کی تاریخ و جغرافیہ کو سمجھنا آسان ہوسکے۔ نیز، طباعت کے اعتبار سے بھی کتاب معیاری ہے۔