ٹرمپ 2 مقاصد کی تکمیل تک افغانستان سے فوج نہیں نکالیں گے، پومپیو

September 08, 2019

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے طالبان سے امن مذاکرات منسوخ کرنے کے بعد امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کا بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے 2 مقاصد پورے ہونے تک امریکا افغانستان سے اپنی فوج نہیں نکالے گا۔

امریکی چینلز سے گفتگو کے دوران مائیک پومپیو نے کہا کہ امریکی فوج کا انخلاء صرف باتوں نہیں بلکہ حقیقی شرائط اور زمینی حقائق کی بنیاد پر ہی ہو گا۔

امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ اب طالبان اپنا رویہ تبدیل کریں گے اور طےشدہ باتوں پر عمل کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کے اپنا رویہ تبدیل کرنے کے بعد بات چیت کے سلسلے سے یہ معاملہ حل ہو جائے گا، ہمیں ایک اہم اور پائیدار عہد کی ضرورت ہے۔

پومپیو نے یہ بھی کہا کہ طالبان امن مذاکرات میں ہونے والے سمجھوتوں پر عمل نہیں کرتے تو صدر ٹرمپ دباؤ کم نہیں کریں گے اور امریکا افغان سیکیورٹی فورسز کی حمایت و تعاون جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ طالبان سے جاری امن مذاکرات اور خفیہ ملاقات کو منسوخ کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

اس حوالے سے صدر ٹرمپ کا یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ان کی افغان طالبان قیادت سے کیمپ ڈیوڈ میں خفیہ ملاقات کی تیاریاں مکمل تھیں۔

افغان صدر اشرف غنی کا دورۂ امریکا منسوخ ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان سامنے آیا تھا جس میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ طالبان نے امریکی فوجی اور 11 افراد کی ہلاکت کی ذمے داری قبول کی ہے، اس لیے انہوں نے فوری طور پر خفیہ ملاقات منسوخ کر دی ہے اور امن مذاکرات روک دیئے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ کیسے لوگ ہیں جو مذاکرات میں اپنی پوزیشن بہتر کرنے کے لیے لوگوں کو مارتے ہیں، اتنے لوگوں کا قتل کر کے طالبان نے اپنی پوزیشن مضبوط نہیں کی بلکہ سارا معاملہ ہی بگاڑ دیا، اب طالبان رہنماؤں کے پاس بامعنی معاہدہ کرنے کا اختیار نہیں۔