سکاٹش نیشنل پارٹی نے چوہدری عبدالمجید کو ایگزیکٹو کمیٹی کا ممبر بنا دیا

September 12, 2019

گلاسگو(نمائندہ جنگ)سکاٹش نیشنل پارٹی نے چوہدری عبدالمجید کو نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کا ممبر بنا لیا ہے۔ آپ نسلی اقلیتوں کے واحد شخص ہیں۔ جو اس عہدے پر فائز کئے گئے ہیں، چوہدری عبدالحمید سکاٹش نیشنل پارٹی کے ایشیائی ونگ ’’سکاٹش ایشین فار انڈی پینڈنس‘‘ کے بھی صدر ہیں، سکاٹش نیشنل پارٹی کی ایگزیکٹو کا ممبر بننے کے بعد چوہدری عبدامجید نے سکاٹ لینڈ کی حکومت کی سربراہ نکولاسٹرجن اور دوسرے رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نسلی اقلیتی سکاٹ لینڈ کی آبادی کا 4فیصدہیں۔ لیکن ان سیاسی پارٹیوں اور دیگر اداروں میں وہ مقام اور حصہ حاصل نہیں۔ جس کا وہ حقدار ہیں۔ سکاٹش نیشنل پارٹی نے حمزہ یوسف کو کیبنٹ نہایت اہم وزارت کا سیکرٹری بنایا ہوا ہے۔ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی چاہئے کہ وہ نسلی اقلیتوں کو ان کا جائز حق دیں، نسلی اقلیتیں اب اس معاشرے کا ناگزیر حصہ ہیں۔ جو زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔ ہم سب کے مفادات مشترک ہیں، اس ملک کی ترقی ہم سب کی ترقی ہے، ہم نے یہ نہیں دیکھنا کہ ہم کہاں سے آئے ہیں بلکہ ہم سب کی منزل ایک ہے، نسلی اقلیتوں کے افراد دیگر آبادی کی نسبت چار گنا زیادہ گنجان مکانات میں رہتے ہیں وہ دو گنا زیادہ غریب ہیں اور اس نسبت کے ان کے بے روزگار رہنے کے امکانات اور شرح زیادہ ہے۔ ہم سب نے مل جل کر ان خامیوں کو دور کرنا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ سکاٹش نیشنل پارٹی کی حکومت اس سمت میں بہت زیادہ کام کررہی ہے۔