جنرل اسمبلی ، وزیراعظم عمران امریکی صدر ٹرمپ سے دوبار ملاقات کرینگے

September 13, 2019

اسلام آباد (صالح ظافر) وزیر اعظم عمران خان نیویارک میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں آنے والی 74 ویں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے دوران کئی ملاقاتیںکریں گے۔ سب سے اہم ملاقات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہوگی جن سے وہ دو علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔ اہم سفارتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ امریکی صدر وزیر اعظم عمران خان اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندرا مودی کے درمیان ملاقات کیلئے سفارتی کوششیں کر رہے ہیں لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایسی کسی بھی ملاقات کا خواہشمند نہیں جیسا کہ بھارت نے کشمیر میں طویل کرفیو اور لوگوں کا محاصرہ ختم نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور بھارتی امور خارجہ کے وزیر جے شنکر کے درمیان ملاقات کو خارج نہیں کیا جاسکا۔ عمران خان اور شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری اینٹونیو گوٹیرش کے ساتھ ملاقات کریں گے اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور پاک بھارت تعلقات پر گفتگو کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان اس ماہ کے تیسرے ہفتے میں امریکا جائیں گے اور اس سے قبل وہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔