معیشت کی بہتری کیلئے عمران خان نے غیرروایتی تجاویز طلب کرلیں

September 15, 2019

اسلام آباد(مانیٹرنگ سیل)وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم اور ترجمان کو ہدایت کی ہے کہ وہ معیشت پربعض عناصر کے بے بنیاد پروپیگنڈے کا حقائق کے ساتھ جواب دیں۔

وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرِ برائے اقتصادی امور حماد اظہر، وزیرِ منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق، و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیر اعظم نے معیشت کی بہتری کیلئے غیر روایتی تجاویز طلب کرلیں،اجلاس میں حکومتی معاشی ٹیم نے وزیراعظم کو معیشت کی بہتری اور استحکام کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور ان کے اثرات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ معیشت کی بہتری کی غرض سے کی جانے والی اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں اور رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں برآمدات اور درآمدات کے ضمن میں تجارتی خسارے میں 38 فیصد کمی، ٹیکسوں کی وصولیوں میں بہتری، ٹیکس نیٹ میں اضافہ اور نجی کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔