حقوق انسانی کے عالمی ادارے کشمیریوں پر مظالم بند کروائیں، پی پی برطانیہ

September 16, 2019

لندن (پ ر) لندن میں پیپلز پارٹی برطانیہ کے زیراہتمام مقبوضہ کشمیر کی صورت حال اور وہاں پر انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف اور پاکستان کی موجودہ صورتحال پر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف، پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی کی صدر ایم این اے شاہدہ رحمانی، پیپلز پارٹی مینارٹی ونگ سندھ کے صدر لال چند وکرانی ایم پی اے، پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو فوری مداخلت کی اپیل کی تاکہ مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کی جانب سے کئے جانے والےمظالم بند ہو ۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کرے اور آصف علی زرداری اور فریال تالپور سمیت تمام گرفتار اپوزیشن رہنمائوں کو رہا کرے۔ پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی برطانیہ کے سیکرٹری جنرل اظہر اقبال بڑالوی، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی برطانیہ آغا تنویر اقبال، پیپلز پارٹی گریٹر لندن کے صدر میاں سلیم، جنرل سیکرٹری راجہ افتخار، پیپلز لیبر بیورو برطانیہ کے صدر حفیظ بلوچ، خواجہ معین الدین سید، ڈاکٹر پرویز شیخ، وحید اقبال، امبر اعجاز، عارف مغل، رانا خلیل، آفتاب باغی سمیت کارکنوں نے شرکت کی۔