گیس نرخ کم ہونےکےباوجودتندورمالکان کاروٹی کی قیمت کم کرنےسےانکار

September 16, 2019

پشاور (وقائع نگار) تندوروں کے لئے گیس کے نرخ کم ہونے کے باوجود تندور مالکان نے روٹی کی قیمت کم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے تندوروں کے لئے گیس کے کمرشل نرخ میں اضافہ کا فیصلہ واپس لے لیا ہے تاہم نان بائیوں نے روٹی کی قیمت 10روپے کرنے سے انکار کر دیا ہے جبکہ وزن بڑھانے سے بھی انکاری ہیں۔ یوسف آباد‘ سپلائی روڈ‘ رنگ روڈ سمیت شہر کے مختلف مقامات پر بغیر وزن کے روٹی کی فروخت جاری ہے۔ تندور مالکان نے موقف اختیار کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہو چکا ہے جس کے باعث گیس کی قیمت کم ہونے سے لاگت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ لہٰذا نہ تو روٹی کا وزن زیادہ کرسکتے ہیں اور نہ ہی قیمت کم کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے وفاقی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں تندوروں کے لئے گیس کے کمرشل بلوں کو یکم جولائی کی سطح پر بحال کر دیا ہے۔