تاریخِ عالم دِل چسپ حکایات

September 22, 2019

مصنّف: محمد عارف جان

صفحات: 216،قیمت: 600 روپے

ناشر: بُک ہوم، بُک اسٹریٹ46،مزنگ روڈ،لاہور

حکایت کسی کہانی ،داستان یا قصّے کو کہا جاتا ہے۔ حکایت بڑوں ہی کے لیےنہیں، بچّوں کے لیے بھی ہوتی ہیں۔مزید یہ کہ یہ کسی مخصوص علاقے، تہذیب یا لوگوں سے وابستہ نہیں ہوتی۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ حکایت دُنیا کے ایک سے دوسرے سرے تک اور متمدّن مُمالک کے اندر اپنا وجود رکھتی ہے۔ البتہ اتنا اختصاص ضرور ہے کہ یہ اپنی تہذیب اور رنگ کو بیان کرتی ہے۔مثال کے طور پراگر ہم برّصغیر کی بات کریں اور اُردو میں حکایت تلاش کریں، تو مولانا محمّد حسین آزاد، ڈپٹی نذیر احمد، مولانا الطاف حسین حالیؔ، اسماعیل میرٹھی اور دیگر نام ور قلم کاروں کی بیان کردہ حکایات موجود پائیں گے۔بالکل اسی طرح فارسی حکایات بھی اپنی ہی ایک شان رکھتی ہیں۔ ’’حکایاتِ سعدی‘‘تو اس ذیل میں مثالی حیثیت کی حامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھی بہت سی حکایات کہی گئی ہیں۔محمّد عارف جان نے ایک قدم آگے بڑھ کر تاریخِ عالم کی منتخب حکایات جمع کر دی ہیں، جس میں ہر عُمر کے لوگوں کے لیے غور و فکر کا بڑا سامان ہے۔ ایک اچھے موضوع پر مرتّب کی گئی کتاب سلیقے سے شایع کی گئی ہے۔