بھارتی خاتون کرکٹر کو انگلینڈ میں فکسنگ کی پیشکش کا انکشاف

September 17, 2019

ملتان (اسپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ کے ساتھ فکسنگ کا لفظ جڑتا جارہا ہے۔ ایک جانب ملکی خواتین ٹیم تک میچ فکسنگ کے لئے کچھ افراد کی رسائی کا انکشاف ہوا ہے۔ تو دوسری جانب ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹ میں کھلاڑیوں سے جواریوں کے رابطوں کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف سال کے آغاز میں سیریز کے دوران خواتین ٹیم کی رکن نے اینٹی کرپشن یونٹ کو رپورٹ کی جس پر 2افراد کے خلاف بنگلور پولیس نے ایف آئی آر بھی درج کرائی جاچکی ہے ،انہوں نے بطور ثبوت 2 میں سے ایک شخص کی ٹیلی فونک گفتگو کی ریکارڈنگ بھی پیش کی ہے جس میں کرکٹر کو میچ فکسنگ اور سپاٹ فکسنگ کے ساتھ اسکرپٹ کے مطابق کھیلنے کی بات کی گئی ہے بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ماضی میں بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں فکسنگ اور اسپاٹ فکسنگ کے تانے بانے بھارتی شہریوں سے ملتے ہیں ان میں سے 2افراد راکیش بافنا اور جتندرا کوتھاری کا تعلق بھارت سے ہی ہے۔ دریں اثنا بھارتی تامل ناڈو پریمئر لیگ میں جواری اور مشکوک لوگوں کی کرکٹرز تک رسائی کے بعد بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، کھلاڑیوں نے انکشاف کیا ہے کہ ٹی20 ایونٹ میں بہت سے مشکوک لوگوں نے ان سے ملاقات کی اور قریب آنے کی کوشش کی۔