افغان صدر کی انتخابی ریلی، خودکش دھماکے، 48 ہلاک، پاکستان کا اظہار مذمت

September 18, 2019

کابل (اے ایف پی /جنگ نیوز) افغان صوبے پروان میں انتخابی ریلی اور کابل اسکوائر میں طالبان کے خودکش حملوں کے نتیجے میں48 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، پاکستان نے ان حملوں کی مذمت کی ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

افغان صدر کی ریلی، خودکش دھماکے، 48 ہلاک

دوسری جانب اقوام متحدہ نے رواں ماہ افغانستان میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل امن و امان کی خراب صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتخابی عمل کے دوران ووٹرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان میں الیکشن ریلی میں ہونے والے ایک خودکش حملے میں 26 افراد ہلاک اور 42زخمی ہو گئے۔ ریلی کابل کے شمال میں واقع پروان صوبے میں ہو رہی تھی اور اس سے صدر اشرف غنی خطاب کررہے تھے۔

کابل میں امریکی سفارتخانے کے نزدیک بھی ایک خودکش دھماکہ ہوا جس میں 22 افراد ہلاک ہوگئے۔

صوبہ پروان کے دارالحکومت چاریکار میں ہونے والی الیکشن ریلی میں ہونے والے خود کش بم دھماکے میں کم از کم 42 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

طبی عملے کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔