طور خم بارڈ ر سے عوام کی معاشی حالت بدل جائے گی ، عمران خان

September 18, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

طور خم بارڈ ر سے عوام کی معاشی حالت بدل جائے گی ، عمران خان

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں جیسے ہی امن ہوگا، اس علاقے میں زندگی بدل جائے گی، طورخم بارڈر سے علاقے کے عوام کی معاشی حالت بدلے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے طورخم ٹرمینل توسیعی منصوبہ کا افتتاح کردیا، طورخم ٹرمینل پورا ہفتہ 24 گھنٹے سروس فراہم کرے گا۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ طورخم بارڈرسے پورے ہفتے چوبیس گھنٹے آمدورفت ممکن ہو سکے گی، جبکہ نئے نظام کے کھولتے ہی تجارت میں 50 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات اور درآمدات کے تاریخی خسارے کی وجہ سے رویپہ گرا، جس سے سب چیزیں مہنگی ہوئیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے افغان مذاکرات میں رکاوٹ آگئی ،افغان امن مذاکرات کی بحالی کی پوری کوشش کریں گے، جبکہ افغانستان میں امن کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ صرف این آر او دے دیں، مشرف نے جن دونوں لیڈروں کو این آر او دیا وہ آج جیل میں ہیں، ہمیں اس دور کے کیسز پر بلیک میل کیا جارہاہے جو دونوں نے ایک دوسرے پر بنائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے جس اپوزیشن کا نظریہ نہ ہو وہاں جمہوریت صحیح معنوں میں چلتی نہیں، اگر آج احتساب نہ کیا تو یہ ملک ہی نہیں چلنے دیں، انہیں ملک کی کوئی فکر نہیں، انہیں صرف این آر او چاہیے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے صرف اداروں کو کھلا چھوڑ دیا، جومرضی ہوجائے ہم نے کسی کو این آر او نہیں دینا ہے، انہوں نے بیدردی سے ملک کو لوٹا اس کی وجہ سے ملک میں آج مہنگائی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:طورخم بارڈر،بغیرسفری دستاویزات کےآمدورفت پر پابندی

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی آمد کے موقع پر طورخم ہیلی پیڈ سے زیرو پوائنٹ تک تمام راستوں کو وزیر اعظم کے تصاویر اور بینرز سے سجھایا گیا ہے، جبکہ افغان صدر اشرف غنی کے پورٹریٹس بھی نصب کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب سیکورٹی خدشات کے پیش نظر طورخم بازار کو بند کیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان طورخم 24/7 منصوبے کے افتتاح کے علاوہ طورخم پی ٹی ڈی سی عمارت میں قائم پاک افغان دوستی اسپتال کا افتتاح اور معائنہ بھی کریں گے۔

وزیر اعظم کو 7/24منصوبہ، زیر تعمیر طورخم ٹرانزٹ ٹرمینل، کسٹم کلیئرنس کے طریقہ کار، امیگریشن سمیت پاک افغان بارڈر کے سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وفاقی وزراء بھی تھے۔