سال رواں کی پہلی ششماہی میں قرض ایڈوانس حاصل کرنےوالوںکی تعدادمیں ریکارڈ اضافہ

September 19, 2019

لندن ( پی اے) چیرٹی سٹیپ چینج کا کہنا ہے کہ 2019 کی پہلی ششماہی میں قرضوں کے حوالے سے ایڈوائس حاصل کرنے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جو اس کی علامت ہے کہ زیادہ ہائوس ہولڈز کو اب شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ چیرٹی کے مطابق سال رواں کے پہلے چھ ماہ میں قرضوں کے حوالے سے ایڈوائس حاصل کرنے والوں کی تعداد 331337تھی ۔ 26 سالہ تاریخ میں یہ نصف سال میں ایڈوائس حاصل کرنے والوں کی ریکارڈ تعداد ہے۔ چیرٹی کے اعدادوشمار سے پتہ چلا کہ سنگل پیرنٹ اور عوام خاص طور پر دماغی صحت کے مسائل سے دو چار افراد کو اس حوالے سے زیادہ مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے اور وہ قرضوں کے حوالے سے زبردست دبائو محسوس کرتے ہیں ۔ چیرٹی نے کہا کہ ہم سے رابطہ کرنے والوں میں سے 190484افراد نے قرضوں کیلئے مکمل ایڈوائس حاصل کی۔ ان افراد کا نا ن مارگیج قرضہ اوسطاً 13799 پونڈ تھا جس میں چھ ماہ پہلے کے مقابلے میں دو فی صد اضافہ ہوا ہے جبکہ 2016کے مقابلے میں چھ فی صد اضافہ ہوا۔ہم سے رابطہ کرنے والے 31 فی صد افراد کے قرضے ان کی آمدن سے بڑھ گئے ہیں۔ اور ان کلائنٹس کا ماہانہ شارٹ فال 365پونڈ ہے۔ چیرٹی کا کہنا ہے کہ زندگی کے غیر متوقع ایونٹس قرض لینے کا سبب بنتے ہیں اور پھر یہ قرض مسائل کا بوجھ بن جاتے ہیں۔ جن افراد کی آمدن میں کمی ہوئی ان میں سے 18 فیصد انجری 16 فیصد بیماری یا بے روزگاری یا چھانٹی کا شکار ہوئے ہیں۔ سٹیپ چینج نے کہا کہ یہ اعداد وشمار ان حالات کی نشاندہی کر رہے ہیں برطانیہ میں مالی مشکلات کے شکار ہائوس ہولڈز کی تعداد بڑھ رہی ہے اور پانی ان لوگوں کے سروں تک پہنچ گیا ہے ۔ چیرٹی سٹیپ چینج کے چیف ایگزیکیٹیو فل اینڈریو نے کہا کہ یہ اعداد و شمار اس ملک میں قرضوں کے بڑھتے ہوئے مسائل اور لوگوں کی مشکلات کو نمایاں کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کیلئے ویک اپ کال ہے اورفوری توجہ دیتے ہوئے اس سلسلے میں اقدامات کرنے چاہیں ۔ زیادہ سے زیادہ ہائوس ہولڈز مستقبل کے معاشی جھٹکوں سے نمٹنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ حکومت کو لوگوں کے ساتھ بیلف سلوک کے حوالے سے بھی غور کرنا چاہیے ۔لوگوں کو یونیورسل کریڈٹ کی پہلی وصولی کے بعد پانچ ہفتے تک انتظار کرنا چاہیے۔ رپورٹ میں پتہ چلا کہ سٹیپ چینج کے کلائنٹس کے کونسل ٹیکس میں سب سے زیادہ بقایا جات ہیں ۔ کونسل ٹیکس قرض عام طور پر بیلف کو منتقل کر دیا جاتا ہے جو پہلے سے مشکلات سے دوچار ہائوس ہولڈز کے مسائل کو اور بڑھا دیتے ہیں ۔ چیرٹی نے کہا کہ قرضوں میں پھنسے سنگل پیرنٹ کی تعداد میں اضافہ اس کی عکاسی کرتا ہے کہ ان کی بینیفٹس پے منٹس سکڑ گئی ہیں اور مصارف زندگی بڑھ گئے ہیں ۔ ایک حکومتی ترجمان نے کہا کہ ہم فیملیز کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے کام کرنے کے سلسلے میں پر عزم ہیں ہم اس سے آگاہ ہیں کہ کچھ فیملیز کو مزید سپورٹ کی ضرورت ہے اسی لیے حکومت یونیورسل کریڈٹ کے ساتھ 95بلین پونڈ سالانہ ورکنگ ایج بینیفٹس پر خرچ کر رہی ہے تاکہ ضرورت کے وقت لوگوں کو جلد رقم مل سکے ۔ 700000 فیملیز کو اوسطاً 285پونڈ ماہانہ ملیں گے کیونکہ اب سسٹم بہت سادہ ہے۔