ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے چیف کانسٹیبل کو قتل کی آن لائن دھمکی

September 21, 2019

لندن (جنگ نیوز) نیو نازی گروپ نے ٹاپ پولیس آفیسر کو قتل کرنے کی آن لائن دھمکی جاری کی ہے۔ ویسٹ مڈ لینڈز پولیس کے چیف کانسٹیبل ڈیو تھامپسن کو قتل کرنے کی یہ دھمکی کائونٹر ٹیررازم آفیسرز کے ہاتھوں ایک مشتبہ انتہا پسند کی گرفتاری کے بعد دی گئی۔ یہ مشتبہ شخص برطانیہ میں مظالم کی سازش کر رہا تھا۔ رپورٹس کے مطابق ایک نیو نازی گروپ نے ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے چیف کانسٹیبل ڈیو تھامپسن کو قتل کرنے کیلئے آن لائن دھمکی پوسٹ کی۔ فار رائٹ آرگنائزیشن نے پولیس آفیسر کی تصویر پوسٹ کی، جس میں ان کے سر کو گن سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ تحریر کرنے والے نے پولیس کانسٹیبل کو ریس ٹریٹر قرار دیا۔ ویسٹ مڈ لینڈز پولیس نے تصدیق کی کہ وہ ستمبر کی آفینسیو پوسٹس کے پیچھے سرگرم افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔ پولیس نے کہا کہ ہم اس گروپ کا نام نہیں بتا رہے، ہم اس کی پبلسٹی نہیں کرنا چاہتے جو کہ شدید انتہا پسندی ہے۔ کائونٹر ٹیرر کے سربراہ نیل باسو نے کہا کہ انتہائی تیزی سے فروغ پانے والا یہ انتہا پسند گروپ دہشت گردی کا خطرہ پیدا کر رہا ہے، اس نے پیراٹروپرز کی مسخ شدہ تصاویر کے ساتھ سواستیکا اور ہٹلر کی مونچھیں پوسٹ کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2017 کے بعد دہشت گردی کی ایک تہائی سازشیں ناکام بنائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 فیصد لائیو انکوائریز فار رائٹ گروپس کے حوالے سے تھیں۔ سیکورٹی منسٹر برینڈن لیوس نے کہا کہ گزشتہ ماہ ہم نے انکشاف کیا تھا کہ کالعدم نیو نازی گروپ کے ارکان نیشنل ٹرسٹ سائٹس میں نقاب پوش نیو نازیوں کا ایک گروہ نیشنل ٹرسٹ کے مقامات رسومات ادا کر رہا ہے۔