کراچی: تیز بارش، کرنٹ لگنے سے 3افراد جاں بحق

September 27, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.

کراچی: تیز بارش، کرنٹ لگنے سے 3افراد جاں بحق

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث کرنٹ لگنے کے واقعات میں 3افراد جان کی بازی ہار گئے۔

شہر قائد میں نماز جمعہ کے بعد شروع ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے، تاہم شہر میں کرنٹ لگنے کے واقعات نے کے الیکٹرک کی کارکردگی ایک بار پھر عیاں کردی۔

پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق کرنٹ لگنے کے2 مختلف واقعات میں 3افراد جاں بحق ہوئے۔

پہلے واقعے میں سائٹ ایریا میں ہوٹل میں بیٹھے 2افراد پر بجلی کے تار ٹوٹ کر گرے، دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

دوسرا واقعہ اورنگی ٹائون میں پیش آیا، جہاں ایک شخص کرنٹ لگنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔

گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔

بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے،جس کے باعث ڈیفنس، دہلی کالونی، کلفٹن، پنجاب کالونی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، گلشن اقبال، پی آئی بی، ایف بی ایریا، اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن سمیت شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

کراچی میں جولائی کے آخری ہفتے سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔