منیر اکرم اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب مقرر

September 30, 2019

ملیحہ لودھی کی جگہ منیر اکرم کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کردیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق منیر اکرم کو اقوام متحدہ میں پاکستان کا مستقل مندوب تعینات کردیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ میجر جنرل ریٹائرڈ محمد سعد خٹک کو سری لنکا میں پاکستان کا ہائی کمشنر تعینات کردیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل یو این وزارت خارجہ خلیل احمد ہاشمی کو اقوام متحدہ جنیوا میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا ہے۔

دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق ٹورنٹو میں پاکستانی سفارتخانے کے قونصل جنرل عمران احمد صدیقی کو بنگلادیش میں پاکستان کا ہائی کمشنر تعینات کیا گیا ہے جبکہ نائیجر میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور احسن کے کے وگن کو مسقط اومان میں سفیر تعینات کردیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک کو سری لنکا میں پاکستان کا ہائی کمشنر، عبدالحمید کو ٹورنٹو میں قونصل جنرل اور ابرار ہاشمی کو ہیوسٹن میں قونصل جنرل تعینات کردیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق شمالی کوریا میں پاکستانی سفارتخانےکے ناظم الامور سید سجاد حیدر کویت میں سفیرتعینات کردیا گیا۔

وزارت خارجہ میں اے آئی ٹی کے ایڈیشنل سیکریٹری محمد اعجاز کو ہنگری میںپاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے مذکورہ بالا تقرریوں و تبادلوں کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے فروری 2015 ء میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں جبکہ منیر اکرم، مشرف دور میں بھی 2002ء سے 2008ء تک اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب رہ چکے ہیں۔