وفاق اور پنجاب میں بھی کئی وزیروں اور بیوروکریٹس کے ردوبدل کا فیصلہ

October 01, 2019

اسلام آباد (آئی این پی‘آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی حکومت میں بڑی سیاسی تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا جس کے تحت وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی ایک بار پھر وزارت تبدیل کیے جانے کا امکان ہے.

شفقت محمود کو وزیرداخلہ، اسدعمر کو وزیرپٹرولیم ، زبیدہ جلال کو وزیرتعلیم، فردوس عاشق اعوان کو وزیراعظم کا ترجمان جبکہ بابراعوان کو مشیر بنائے جانے کا امکان ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

بڑی سفارتی و سیاسی تبدیلیاں

عمران خان نے پنجاب میں بھی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس حوالے سے پنجاب کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آئی جی پنجاب سمیت پولیس میں بھی بڑے عہدوں پر تبدیلیاں کی جائیں گی جبکہ پنجاب کی بیوروکریسی میں بھی متعدد افسران کو تبدیل کیا جائے گا ۔

پیر کو ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان اسمبلی، وفاقی وزراءاوربیوروکریسی کے خلاف پھٹ پڑے، جس پر عمران خان نے کہاکہ وہ ناقص کارکردگی والے وزراءکو فارغ کردیں گے۔

پشاور سے رکن قومی اسمبلی ارباب عامر اجلاس میں بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے، ارباب عامر کا کہنا تھا کہ وزرا ہمیں ملاقات کیلئے وقت بھی نہیں دیتے، جائز کام کیلئے بھی وزرا کی منتیں کرتے ہیں لیکن پھر بھی کام نہیں ہورہے۔

ارباب عامر جذباتی ہو کر اجلاس سے اٹھ کر جانے لگے تو وزیراعظم نے انہیں روکتے ہوئے کہا کہ جن وزرا کی کارکردگی ٹھیک نہیں، انہیں تبدیل کررہا ہوں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں 8 سے 10 وزرا کے قلمدان تبدیل کیے جائیں گے۔شفقت محمود کو وفاقی وزارت داخلہ کا قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے جبکہ علی محمد خان کو وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداور زبیدہ جلال کو وزیر تعلیم بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وزیراعظم کا ترجمان بنائے جانے کا امکان ہے۔

سابق وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان کو مشیر بنائے جانے کا امکان ہے تاہم وہ مشیر کی بجائے سینیٹر بننے کے خواہشمند ہیں۔

سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی کابینہ میں واپسی کا امکان ہے اور انہیں وفاقی وزیر برائے پٹرولیم بنائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کو وزیر مملکت بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹے میں آئی جی پنجاب کو بھی تبدیل کیا جائے گا۔