ورلڈ نمبر ون پاکستان کو 64 رنز سے شکست

October 05, 2019

166 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 101 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی کے باعث سری لنکا نے پہلے ٹی20 میچ میں عالمی نمبر ایک پاکستان کو 64 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔

دنوشکا گونا تھیلاکا کو عمدہ بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 166رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 101 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، 13 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم صرف چار رنز بناکر پردیپ کی گیند پر وکٹ کیپر بھنوکا کو کیچ دے بیھٹے۔

نئے آنے والے بیٹسمین عمر اکمل اگلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوکر واپس پویلین لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیے: عمراکمل نے شاہد آفریدی کو پیچھے چھوڑ دیا

افتخار احمد تیزی سے رنز بنانے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوابیٹھے، وہ 25 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔

کپتان سرفراز احمد ایک بار پھر متاثر کن پرفارمنس نہ دے سکے اور 30 گیندوں پر 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں صرف ایک باؤنڈری شامل ہے۔

عماد وسیم 7، آصف علی 6، فہیم اشرف 8، شاداب خان 6 اور محمد عامر صرف ایک رن بناسکے۔

بابر اعظم 13، سرفراز احمد 24 اور افتخار احمد کے سوا کوئی بھی پاکستانی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا۔

سری لنکا کی طرف سے نووان پردیپ اور ایسورو ادانا نے تین، تین جبکہ ونندو ہسارانگا نے دو اور کسون راجیتھا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرا ٹی20 انٹرنیشنل 7 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان کو 166 رنز کا ہدف

اس سے پہلے پہلے محمد حسنین کی ہیٹ ٹرک بھی سری لنکا کو بڑے اسکور سے نہ روک پائی، اوپنرز کے شاندار آغاز کے باعث مہمان ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے166 رنز کا ہدف دیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جسے سری لنکن اوپنرز دنوشکا گونا تھیلاکا اور اویشکا فرنانڈو نے 84 رنز کا برق رفتار آغاز دے کر غلط ثابت کردیا۔

دنوشکا گونا تھیلاکا 38 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور آٹھ چوکے شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیے: محمد حسنین کی ہیٹ ٹرک، پاکستان کو 166 رنز کا ہدف

دنوشکا گونا تھیلاکا کے آؤٹ ہونے کے بعد اویشکا فرنانڈو بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 33 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 120 رنز تھا۔

بھنوکا راجا پاکسے 22 گیندوں پر32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان داسون شناکا نے 17 رنز کی اننگز کھیلی، شیہان جے سوریا صرف 2 رنز بناسکے۔

اس طرح سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے محمد حسنین سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 37 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔